وفاقی وزیر ریلویز کا ہچیسن پورٹس پاکستان کا دورہ

وفاقی وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے ہچیسن پورٹس پاکستان کا دورہ کیا۔ پورٹ انتظامیہ نے انہیں پورٹ آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنے جدید ترین ٹرمینل کی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا۔ وفاقی وزیر کو پورٹ کے فیز -2 توسیعی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ منصوبہ کے حوالے سے وفاقی وزیر نے ہچیسن پورٹس پاکستان کو یقین دلایا کہ بیرونی انفراسٹرکچر اور ٹرمینل کے اندر ریل سائیڈنگ 31 مارچ 2021ء تک مکمل ہو جائے گااور پاکستان ریلوے ٹرمینل سے منسلک کول یارڈ سائیڈنگ کو عبوری مدت کیلئے قابل استعمال بنا یاجا سکتا ہے۔

ہچیسن پورٹس پاکستان کے سربراہ اور جنرل منیجر کیپٹن راشد جمیل نے اس موقع پر کہا کہ ہچیسن پورٹس پاکستان کی انتظامیہ وفاقی وزیر کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتی ہے اور وفاقی وزیر ریلوے کے دورہ پر ان کی مشکور ہے کیونکہ نئے سال کی شروعات میں یہ ایک مثبت قدم ہے۔

ہچیسن پورٹس تجارت میں اضافہ کے لئے سازگار ماحول پیدا کرتے ہوئے اپنے آغاز کے پہلے روز سے ہی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سے کراچی کی صلاحیت کو مزید تقویت ملے گی اور تجارتی و نقل و حمل کی سرگرمیوں کے لئے اسے جنوبی ایشیاء کے ایک اہم مرکز میں تبدیل کرنے کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔